ہندوستان کی راجدھانی دہلی سے ملحق گروگرام (پرانا نام گڑگاؤں) میں ہر جمعہ کو حالات کشیدہ ہو جاتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ کچھ مقامات پر نمازِ جمعہ کے دوران شرپسند افراد خلل پیدا کرنے پہنچ جاتے ہیں۔ گروگرام کے سیکٹر 12-اے میں ایسا گزشتہ کچھ ہفتوں سے دیکھا جا رہا ہے، اور سیکٹر-47 کا بھی یہی معاملہ ہے۔ 22 اکتوبر کو بھی سیکٹر 12-اے میں کچھ کٹر ہندوؤں نے ہنگامہ کیا جس کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو پر مشہور فلم اداکارہ سورا بھاسکر کا سخت رد عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سورا بھاسکر نے نماز کے دوران ہندوؤں کے ہنگامہ پر مبنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ایک ہندو ہونے پر شرمندہ ہوں!‘‘

غور طلب ہے کہ گروگرام میں انتظامیہ نے کچھ کھلی جگہوں کو نمازِ جمعہ کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔ اس کے باوجود بجرنگ دل کارکنان کی ضد ہے کہ وہاں نماز نہ پڑھی جائے۔ ہر جمعہ سیکٹر 12-اے پر پولس کی سخت سیکورٹی میں نماز کی ادائیگی ہوتی ہے۔ 22 اکتوبر کو بھی نماز کے دوران جب بجرنگ دل کارکنان نے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگایا تو لوگوں میں گھبراہٹ پیدا ہو گئی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے کسی طرح معاملے کو سنبھالا اور نماز مکمل ہوئی۔ معلوم ہو کہ سال 2018 میں کھلی جگہوں پر نمازِ جمعہ پڑھنے پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ بعد ازاں ہندو-مسلم طبقہ نے مل کر کچھ مقامات کو نمازِ جمعہ کے لیے مختص کر دیا۔ سیکٹر-47 اور 12-اے بھی مختص مقامات کی فہرست میں شامل ہے۔