بالی ووڈ اداکارہ سورا بھاسکر کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی بے باکی سے بھی ہر کوئی واقف ہے۔ سورا اپنے نجی خیالات کو لوگوں کے سامنے رکھنے یا کسی لیڈر کو آڑے ہاتھوں لینے میں کبھی جھجکتی نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ٹرولروں کے ساتھ ان کی رسہ کشی چلتی رہتی ہے۔ اس مرتبہ سورا بھاسکر کو اپنے مخالفین کی بددعاؤں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لیکن انہوں نے اپنے جواب سے سبھی کا منھ بند کر دیا۔
یہ معاملہ دراصل دو دن پہلے کا ہے جب اداکارہ نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے کووڈ-19 پازیٹیو ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس پر ان کے شیدائیوں نے تو جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی، لیکن مخالفین ان کے کورونا پازیٹو ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے مرنے کی بد دعا کر دی۔
مخالفین کے ذریعہ کی جا رہی ٹرولنگ کے بعد سورا بھاسکر کہاں پیچھے رہنے والی تھیں۔ انہوں نے بد دعا دینے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے ان کا پوسٹ شیئر کیا اور لکھا ’’میرے نفرتی چنٹوؤں اور ٹرولرس جو میری موت کی دعا کر رہے تھے… دوستوں اپنے جذبات قابو میں رکھو… مجھے کچھ ہو گیا تو آپ کی روزی روٹی چھن جائے گی… گھر کیسے چلے گا؟‘‘ سورا بھاسکر کا یہ جواب نفرت کرنے والوں کے لیے کسی زوردار طمانچہ سے کم نہیں تھا۔ اداکارہ کے اس جواب سے ان کے چاہنے والے بھی کافی خوش ہیں اور ان کی حاضر جوابی کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔