ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سمیع کا ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر کئی سابق مایہ ناز کرکٹر حیرانی ظاہر کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا کی تیز پچوں پر محمد سمیع بلے بازوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے تھے، اس لیے بڑی تعداد میں ہندوستانی کرکٹ شیدائی بھی انھیں ٹیم میں دیکھنا چاہتے تھے۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اب بھی محمد سمیع 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
دراصل آئی سی سی کے اصول کے مطابق ٹی-20 عالمی کپ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل کوئی بھی ٹیم ریزرو کھلاڑیوں میں سے کسی کو بھی اپنے 15 رکنی اسکواڈ کے کھلاڑی سے بدل سکتی ہے۔ چونکہ محمد سمیع ہندوستانی ٹیم کے 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں، اس لیے ان کے پاس موقع ہے کہ وہ ٹی-20 عالمی کپ سے قبل میدان میں بہترین کارکردگی پیش کر سلیکٹرس کو تبدیلی کے لیے مجبور کر دیں۔
یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ہندوستان کو ٹی-20 عالمی کپ سے قبل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف کچھ میچز کھیلنے ہیں۔ محمد سمیع کے لیے بدقسمتی یہ رہی کہ آسٹریلیا کے خلاف منتخب ٹیم میں شامل ہونے کے باوجود وہ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ وہ کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اب امیدیں صرف جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز سے وابستہ ہیں۔ اگر محمد سمیع اس وقت تک صحت یاب ہو کر میدان پر اچھی واپسی کرتے ہیں تو وہ عالمی کپ میں بھی کھیلتے نظر آ سکتے ہیں۔