اپنی بہترین موسیقی کے لیے دنیا بھر میں مشہور ٹی-سیریز نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹی-سیریز نے اپنے یوٹیوب چینل پر 200 ملین سبسسکرائبرس مکمل کر لیے ہیں، اور یہ اعزاز حاصل کرنے والا پہلا یوٹیوب چینل بن گیا ہے۔ ٹی-سیریز کے یوٹیوب پر ابھی کئی زبانوں اور زمروں میں 29 چینل چل رہے ہیں۔ ان سبھی کو اگر ملا دیا جائے تو اس کے 383 ملین سے زیادہ سبسکرائبرس ہیں اور 718 بلین سے زیادہ ویوز حاصل ہو چکے ہیں۔

ٹی-سیریز کی اس کامیابی پر کمپنی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر بھوشن کمار نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اتنی بڑی تعداد میں سبسکرائبرس حاصل کر کے ہم پُرجوش ہیں۔ اصل میں یہ سبھی ہندوستانیوں کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ایک ہندوستانی چینل نے یوٹیوب پر 200 ملین سبسکرائبرس کا نمبر پار کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔‘‘ بھوشن کمار نے ٹی-سیریز کے مواد کو پسند کرنے پر شیدائیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ میوزک پارٹنرشپ کے ڈائریکٹر (ہندوستان اور جنوبی ایشیا) پون اگروال نے بھی ٹی-سیریز کو اس قابل فخر کامیابی کے لیے اپنی مبارک باد پیش کی ہے۔

غور طلب ہے کہ ٹی-سِیریز نے 15 سال قبل یعنی 2006 میں یوٹیوب پر اپنا چینل شروع کیا تھا۔ اب تک اس پر 16 ہزار سے زیادہ ویڈیوز اَپ لوڈ ہو چکی ہیں۔ شروع سے ہی اپنی بہترین موسیقی اور مواد کی وجہ سے مداحوں کی پہلی پسند رہا ٹی-سیریز دوسرے یوٹیوب چینلوں کو بہت پیچھے چھوڑ چکا ہے۔