آئی سی سی نے گزشتہ دنوں ٹی-20 کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرس کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے۔ حیرانی کی بات ہے کہ ٹاپ-30 میں ایک بھی ہندوستانی کھلاڑی شامل نہیں۔ لسٹ میں پہلی ہندوستانی نمائندگی 32ویں مقام پر ہاردک پانڈیا کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ فہرست ظاہر کرتی ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کے پاس آل راؤنڈرس کی کتنی کمی ہے، اور جو ہیں وہ بھی بہتر مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں۔

افغانستان کے محمد نبی ٹی-20 میں 265 پوائنٹ کے ساتھ سب سے ٹاپ پر ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کے سینئر کھلاڑی شکیب الحسن دوسرے اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے تیسرے مقام پر قبضہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا کے وانندو ہسرنگا چوتھے، انگلینڈ کے معین علی پانچویں اور لیام لیونگسٹون چھٹے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ-10 میں عمان اور نامیبیا جیسی چھوٹی ٹیموں کے آل راؤنڈرس بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ فہرست میں عمان کے ذیشان مقصود کو 7ویں اور نامیبیا کے جے جے اسمٹ کو 8ویں پوزیشن ملی ہے۔ جنوبی افریقہ کے ایڈم مارکرم 9ویں اور آسٹریلیا کے مشیل مارش 10ویں مقام پر ہیں۔

آل راؤنڈرس کی اس فہرست میں 32ویں مقام پر رہنے والے ہاردک پانڈیا کو 89 پوائنٹس ملے ہیں۔ ان کے بعد ہندوستان کی نمائندگی کوئی اور نہیں بلکہ سابق ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کر رہے ہیں، جنہیں 51واں مقام ملا ہے۔ دیگر اہم آل راؤنڈرس میں کیرن پولارڈ 34ویں، آندرے رسل 41ویں، راشد خان 43ویں، ڈوین براوو 44ویں اور بین اسٹوکس 48ویں نمبر پر ہیں۔