ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ ہونے والا ہو، تو دنیا جیسے تھم سی جاتی ہے۔ کرکٹ شیدائی ہند-پاک میچ کا ایک بھی گیند چھوڑنا پسند نہیں کرتے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جب ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں ہونے والے ہند-پاک میچ کے ٹکٹ کی فروخت شروع ہوئی، تو کچھ ہی منٹوں میں سبھی ٹکٹ ختم ہو گئے۔

گلوبل اسپورٹس ٹریول کمپنی کے پاس اس ٹورنامنٹ کے ٹکٹ فروخت کرنے کے حقوق ہیں۔ کمپنی کے عیش چاؤلہ نے بتایا کہ ’’اب تک ہم نے اپنے پیکیج کا 40 فیصد حصہ ہندوستان میں فروخت کیا ہے۔ علاوہ ازیں شمالی امریکہ میں 27 فیصد، آسٹریلیا میں 18 فیصد اور 15 فیصد برطانیہ و دنیا کے باقی حصوں میں فروخت کیا ہے۔ ملبورن میں ہوٹل کے کمروں کی بکنگ پہلے ہی ہو چکی ہے۔ ہند-پاک میچ کے لیے ملبورن میں تقریباً 50000-45000 ناظرین کے آنے کی امید ہے۔ جنرل ٹکٹ تو کچھ منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے، صرف کچھ وی آئی پی ٹکٹ بچے ہیں۔‘‘

غور طلب ہے کہ آسٹریلیا میں ٹی-20 عالمی کپ 2022 کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔ ہندوستان اپنا پہلا میچ پاکستان سے 23 اکتوبر، یعنی دیوالی سے ٹھیک ایک دن پہلے کھیلے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اس عالمی کپ مقابلے کے لیے سبھی ٹیموں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ہندوستان بھی ٹی-20 عالمی کپ کے لیے اپنی حتمی ٹیم تیار کرنے کے مقصد سے کئی طرح کے تجربات کر رہا ہے۔