ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کا پہلا ہی مقابلہ 24 اکتوبر کو پاکستان سے کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے ہاردک پانڈیا کو سخت وارننگ دی ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ہاردک کو پاکستان کے خلاف میچ سے پہلے گیند بازی شروع کر دینی چاہیے۔ واضح ہو کہ گزشتہ کچھ مقابلوں میں ہاردک پانڈیا گیند بازی نہیں کی ہے۔ اگر وہ گیند بازی کی پریکٹس نہیں کرتے تو اہم مواقع پر ہندوستانی ٹیم کے لیے پریشانی کھڑی ہو سکتی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ پانڈیا نے بلے کے ساتھ گیند سے بھی ماضی میں کئی بار اپنا اہم تعاون دیا ہے۔ ہاردک اگر ٹی-20 عالمی کپ میں گیند بازی کرتے ہیں تو اس سے ہندوستانی ٹیم کو ایک اضافی بلے باز اتارنے کا موقع ملے گا۔
روہت شرما کا کہنا ہے کہ ہارک اپنی گیند بازی پر کام کر رہے ہیں اور جب ٹیم 24 اکتوبر کو عالمی کپ کا پہلا مقابلہ اپنے قریبی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گی تو اس دوران انہیں گیند بازی کے لیے پوری طرح تیار رہنا چاہیے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے وارم اَپ میچ میں روہت ہی کپتانی کر رہے تھے۔ انہوں نے میچ میں وراٹ کوہلی سے تو گیندبازی کرائی، لیکن ہاردک کو ایک بھی اوور نہیں دیا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ٹیم کے اصل کپتان وراٹ کوہلی پاکستان کے خلاف میچ میں ہاردک سے گیند بازی کراتے ہیں یا نہیں۔