اتوار کی شام ٹی-20 عالمی کپ میں بڑے بڑے ناموں سے سجی ہندوستانی ٹیم کی شکست کے ساتھ ہی سیمی فائنل کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔ ہندوستان کی اس شکست پر کئی سابق ہندوستانی کرکٹروں نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ سابق سلامی بلے باز گوتم گمبھیر نے بھی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کیا ہے۔
گوتم گمبھیر نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوئے میچ میں وراٹ کوہلی کے کئی فیصلوں کی مذمت کی۔ روہت شرما کو اوپننگ نہ بھیجنے کے فیصلے کو غلط ٹھہراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’روہت کو اوپپنگ نہ بھیجنے کا فیصلہ صحیح نہیں تھا۔ روہت جیسا تجربہ کار بلے باز تیز شروعات نہیں دے پا رہے تو ایشان کے لیے یہ بہت مشکل تھا جو پہلی بار عالمی کپ میں کھیل رہے تھے۔‘‘ حالانکہ گوتم نے ورون کو لگاتار دوسرے مقابلے میں موقع دیے جانے کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا ’’ورون ایک شاندار گیندباز ہیں۔ نیوزی لینڈ نے انہیں کھیلا نہیں ہے، ایسے میں وہ بڑا خطرہ بن سکتے تھے۔ لیکن اس کے لیے زیادہ رن بنانا چاہیے تھا۔‘‘
وراٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے گوتم نے کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے کہ کوہلی اب دباؤ میں مظاہرہ نہیں کر پاتے، لیکن اس وقت وہ ضروری میچ میں بہتر نہیں کھیل پا رہے۔ ناک آؤٹ مقابلوں کے لیے شاید وہ ذہنی طور پر مضبوط نہیں۔‘‘ گیندبازی کے بارے میں گوتم نے کہا کہ بمراہ کے علاوہ کوئی اسٹرائیکر گیندباز اس وقت نظر نہیں آ رہا، جو فکر انگیز ہے۔