ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ فکر انگیز یہ ہے کہ وہ بلے بازی کو مضبوط کرنے کی کوشش میں چھٹے گیندباز کو ٹیم میں شامل نہیں کر پا رہی۔ ایسے وقت میں ہاردک پانڈیا کی فٹ نس ’کمزور کڑی‘ ثابت ہوئی ہے۔ نہ وہ گیندبازی کر رہے ہیں، اور نہ ہی بلے بازی میں کچھ خاص کر پا رہے ہیں۔ لیکن ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اب یہ ’کمزور کڑی‘ مضبوط بن گئی ہے۔ دراصل آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو بدھ کے روز آئی سی سی اکادمی میں نیٹس پر 15 منٹ تک گیندبازی کرتے دیکھا گیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہاردک نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں گیندبازی کر سکتے ہیں۔ ایسا ہوتا ہے تو ہندوستان کے لیے چھٹے گیندباز کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ پانڈیا نے گیندبازی پریکٹس کے بعد ’اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ‘ کوچ نک ویب اور سوہم دیسائی کی قیادت میں 25-20 منٹ تک فٹنس ٹریننگ بھی کی۔ اس دوران ہندوستانی ٹیم کے مینٹر مہندر سنگھ دھونی بھی وہاں دیکھے گئے۔ انہوں نے نیٹ سیشن شروع ہونے سے پہلے پانڈیا کو کچھ ہدایتیں بھی دیں۔
غور طلب ہے کہ پانڈیا کو پاکستان کے خلاف میچ کے دوران کندھے میں چوٹ لگی تھی جس کے سبب وہ فیلڈنگ نہیں کر پائے۔ اسکین رپورٹ میں کسی بھی سنگین چوٹ کی بات سامنے نہیں آئی ہے، اس لیے ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ وہ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے مقابلے کے لئے دستیاب ہوں گے۔