ٹی-20 عالمی کپ جاری ہے اور سبھی کو انتظار ہے 24 اکتوبر کو ہونے والے ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کا۔ لیکن اس سے قبل 23 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ میچ میں ایک حیرت انگیز نظارہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ جب ٹی-20 عالمی کپ کا کوالیفائنگ مقابلہ ختم ہوگا، اور پہلا ٹی-20 عالمی کپ میچ 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا تو انگلینڈ کی پوری ٹیم میدان میں گھٹنے پر بیٹھی نظر آ سکتی ہے۔ انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے کہا ہے کہ وہ نسلی تفریق کے خلاف ایک بار پھر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی انگلینڈ کی ٹیم ایسا کر چکی ہے، اور ایک بار پھر آئی سی سی سے اجازت مانگی گئی ہے۔

مارگن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہم نے سنا ہے ویسٹ انڈیز ٹیم مقابلے کے دوران گھٹنے پر بیٹھ کر نسلی تفریق کے خلاف مظاہرہ کرے گی۔ ہماری ٹیم بھی اس موقع پر ان کے ساتھ ہوگی اور ہم بھی گھٹنے پر بیٹھ کر ان کی حمایت کریں گے۔‘‘ مارگن نے بتایا کہ وہ آئی سی سی سے بات کر رہے ہیں تاکہ ویسٹ انڈیز کا ساتھ دینے کے لیے گھٹنے پر بیٹھ سکیں۔

غور طلب ہے کہ ویسٹ انڈیز کے ٹی-20 کپتان کیرون پولارڈ نے پہلے ہی اس کی تصدیق کر دی ہے کہ ان کی ٹیم ہر میچ کے شروع میں ایک گھٹنے پر بیٹھے گی۔ پولارڈ کا کہنا ہے کہ ’’جتنا میں جانتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اسے جاری رکھنا چاہیے۔‘‘