انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی-20 عالمی کپ 2022 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ اس کے بعد انگلینڈ ٹیم کے لیے موقع تھا جشن کا۔ میدان پر سبھی کھلاڑیوں نے جیت کا خوب جشن منایا اور روایت کے مطابق شیمپین کی بوتل بھی کھولی گئی۔ حالانکہ جشن کے دوران ایک وقت آیا جب انگلینڈ ٹیم کے دو مسلم کھلاڑی معین علی اور عادل رشید نے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ انھیں انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے کچھ اشارہ کیا اور پھر دونوں کو جشن کے مقام سے ہٹتے ہوئے دیکھا گیا۔

دراصل انگلینڈ ٹیم ٹی-20 عالمی کپ ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے گروپ میں تصویریں کھنچوا رہی تھی۔ معین علی اور عادل رشید سب سے آگے کپتان بٹلر کے قریب میں بیٹھے ہوئے تھے۔ پھر جب شیمپین کھولنے کا موقع آیا تو بٹلر نے عادل رشید سے کچھ کہا، اور پھر معین علی و عادل رشید دونوں کو وہاں سے ہٹتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ دونوں ہی کھلاڑی اسلامی عقیدے پر عمل کرتے ہیں اور شراب کو حرام سمجھتے ہیں۔ بٹلر نے ان دونوں مسلم کھلاڑیوں کے عقیدے اور جذبات کا خیال رکھتے ہوئے ہی انھیں ہٹنے کا اشارہ کیا تھا۔

بٹلر کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ اسلامی عقیدے اور مسلم کھلاڑیوں کا احترام کرنے کے لیے بٹلر کی تعریف ہو رہی ہے اور اس واقعہ کی ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ ویسے، پہلے بھی کئی بار شیمپین کھلنے سے پہلے مسلم کھلاڑیوں کو ہٹتے دیکھا گیا ہے۔