ایک برقع پوش لڑکی کی ویڈیو سنیچر سے وائرل ہو رہی ہے جس میں کچھ لوگ اسے حراساں کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں لڑکی کو گھیر کر لوگ اسے برقع ہٹانے کے لیے مجبور کر رہے ہیں۔ مبینہ طور پر مسلم طبقہ کے یہ لوگ کہتے نظر آ رہے ہیں ’’برقع اتاریے، برقع اتاریے۔ آپ ہماری قوم کو بدنام کر رہی ہیں۔‘‘ لڑکی سے زبردستی برقع اتروایا جاتا ہے۔ وہاں موجود کچھ خواتین لڑکی کو چہرہ دکھانے کے لیے مجبور کرتی بھی نظر آتی ہیں۔

دراصل لڑکی ایک لڑکے کے ساتھ اسکوٹی سے سفر کر رہی تھی۔ اسکوٹی پر پھول اور مالا ٹنگا تھا، لڑکے کے ہاتھ پر کلوا بندھا تھا۔ اس سے لوگوں کو اندازہ ہوا کہ لڑکا ہندو ہے اور حجاب پہنے لڑکی مسلم۔ پھر کچھ لوگوں نے لڑکی سے جبراً حجاب اتروا کر اسے خوب بے عزت کیا۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ لڑکی ہندو ہو سکتی ہے اور برقع پہن کر لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہوگی۔

ویڈیو مدھیہ پردیش کے بھوپال شہر واقع اسلام نگر کا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے اپنے ساتھ ہوئی حراسانی پر کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ پھر بھی پولس نے دو لوگوں کو گرفتار کر تعزیرات ہند کی دفعہ 151 کے تحت کارروائی کی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دوپہر میں اسلام نگر پہنچے تھے۔ کچھ لوگوں نے انھیں روکا اور لڑکی سے برقع ہٹانے اور اپنا چہرہ دکھانے کو کہا۔ لوگوں کا ماننا تھا کہ وہ لڑکا ہندو اور لڑکی مسلم تھی۔