بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکاروں میں شمار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اجئے دیوگن اور رنویر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کی خبریں جب سے سامنے آئی ہیں، سوشل میڈیا پر مختلف انداز کے تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ ایف آئی آر کس نے درج کروائی ہے؟ ان کا نام ہے تمنا ہاشمی۔ مظفر پور کے رہنے والے سماجی کارکن تمنا ہاشمی نے مذکورہ چاروں بالی ووڈ اداکاروں پر اس لیے کیس درج کرایا کیونکہ انھوں نے ’پان مسالہ‘ کے اشتہار میں کام کیا اور پان مسالہ کی تعریف کی۔

تمنا ہاشمی نے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اجئے دیوگن اور رنویر سنگھ کے خلاف سیکشن 467، 468، 439 اور 120بی کے تحت کیس درج کروایا ہے۔ انھوں نے چارج شیٹ میں ان سبھی اداکاروں پر پیسوں کے لالچ میں اپنے اسٹارڈم کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس معاملے میں 27 مئی کو سماعت بھی ہونے والی ہے۔

تمنا ہاشمی کا کہنا ہے کہ ان سبھی اداکاروں نے اپنی شہرت کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔ ان اداکاروں کو بچے سے لے کر بزرگ تک اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ ایسے میں یہ اداکار جو بھی کرتے ہیں، ان کے شیدائی بھی اسی راہ پر چلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یعنی امیتابھ، شاہ رخ، اجئے دیوگن اور رنویر سنگھ اگر غلط چیزوں کا اشتہار کریں گے تو اس کا برا اثر بچوں اور بڑوں سبھی پر پڑے گا۔