بالی ووڈ میں ان دنوں معروف ہستیوں کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا دور چل رہا ہے۔ خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کا نام بھی اس کڑی میں جڑ گیا ہے۔ ایک طرف ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم عالمی کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے، دوسری طرف نیٹ فلکس نے سینئر کھلاڑی جھولن گوسوامی کے سفر پر مبنی فلم ’چکڑا ایکسپریس‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا ہے۔ اس تناظر میں آکاش چوپڑا نے ایک بڑی غلطی پکڑتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے ’’ڈیئر نیٹ فلکس، جھولن گوسوامی کا ٹوئٹر ہینڈل @jhulanG10 ہے۔ انہیں ٹیگ کرنے کے لیے آپ پوری طرح فری ہیں، آخر کار فلم انہی پر مبنی لگ رہی ہے۔‘‘

دراصل نیٹ فلکس نے ٹیزر جاری کرتے ہوئے فلم سے جڑے سبھی لوگوں کو ٹیگ کیا، لیکن جھولن کو ٹیگ نہیں کیا گیا۔ نیٹ فلکس کی اس غلطی پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کچھ نے تو یہ بھی کہا کہ انوشکا بالکل بھی جھولن نہیں لگ رہیں۔

غور طلب ہے کہ ’چکڑا ایکسپریس‘ میں انوشکا شرما ہندوستانی خاتون کرکٹ کی لیجنڈ جھولن گوسوامی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ تین برسوں بعد فلموں میں واپسی کر رہی انوشکا نے اپنے انسٹاگرام پر فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’یہ حقیقت میں ایک خاص فلم ہے کیونکہ یہ زبردست قربانی کی کہانی ہے۔‘‘ جھولن کے کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے 192 ونڈے میں 240 وکٹ اور 12 ٹسٹ میچوں 44 وکٹ لیے ہیں جبکہ ٹی-20 میں بھی انہوں نے56 وکٹ جھٹکے ہیں۔