بہت کم ہی لوگوں کو معلوم ہوگا کہ تلنگانہ میں ایک شہر ایسا ہے جو روزانہ صبح 52 سیکنڈ کے لیے پوری طرح تھم جاتا ہے۔ یعنی لوگ اپنا اپنا کام چھوڑ کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ وہ شہر ہے نلگونڈا جہاں ہر دن صبح ٹھیک 8.30 بجے 12 اہم جنکشنوں پر قومی ترانہ یعنی ’جن گن من‘ کی آواز گونجنے لگتی ہے۔ جیسے ہی قومی ترانہ شروع ہوتا ہے، سبھی شہری اس کی عزت میں کھڑے ہو کر ایک ساتھ ’جن گن من‘ گنگنانا شروع کر دیتے ہیں۔
نلگونڈا شہر میں یہ روایت بہت زیادہ پرانی نہیں ہے۔ پہلی بار 23 جنوری 2021 میں قومی ترانہ اہم جنکشنوں پر گونجا تھا، اور پھر یہ روایت تب سے روزانہ جاری ہے۔ جیسے ہی صبح کے 8.30 بجتے ہیں، قومی ترانہ کی آواز فضا میں گونجنے لگتی ہے۔ اس آواز پر سبھی ذات، مسلک، مذہب کے لوگ کھڑے ہو جاتے ہیں اور حب الوطنی کا جذبہ ظاہر کرتے ہوئے قومی ترانہ پڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔
نلگونڈا میں روزانہ بوقت صبح قومی ترانہ بجائے جانے کی روایت شروع کرنے میں ’جن گن من اُتسو سمیتی‘ کے سربراہ کرنتی وجے کمار اور ان کے دوستوں کا اہم کردار رہا ہے۔ اس سمیتی کا ماننا ہے کہ قومی ترانہ سے عوام میں حب الوطنی کو فروغ ملے گا اور ویسے بھی یہ محض 52 سیکنڈ کی بات ہے۔ اس روایت نے نلگونڈا کے آس پاس کے کئی دیگر چھوٹے شہروں کو بھی کافی متاثر کیا ہے، اور واقعی یہ روایت متاثر کرنے والی ہے بھی۔