پاکستان میں آج صبح سویرے شدید زلزلہ نے کئی ضلعوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ پاکستانی میڈیا سے سامنے آ رہی خبروں کے مطابق اس حادثہ میں کم از کم 20 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس قدرتی آفت نے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچایا ہے اور لوگوں میں اب بھی خوف و دہشت کا عالم ہے۔ راحت رسانی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

زلزلے کی شدت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس کی پیمائش 6 تھی۔ حالانکہ کچھ خبروں میں 5.7 اور کچھ خبروں میں 5.9 ہونے کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ یہ زلزلہ بلوچستان کے ہرنئی علاقہ میں آیا اور آس پاس کے کئی اضلاع پر اثرانداز ہوا۔ نیشنل سنٹر فار سسمولوجی کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے صبح تقریباً 3.30 بجے محسوس کیے گئے۔ کئی مقامات پر چیخ و پکار کا عالم بھی دیکھنے کو ملا۔ لوگوں کی مدد اور بچاؤ کام تیز کرنے کے لیے کوئٹہ سے مشینری ہرنئی پہنچ گئی ہے۔

اس درمیان زخمیوں کو ہرنئی کے قریبی اسپتالوں میں علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ لیکن اسپتال میں بھی حالات کچھ زیادہ بہتر معلوم نہیں پڑ رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا سے جو خبریں اور تصویریں سامنے آ رہی ہیں اس کے مطابق ہرنئی کے اسپتالوں میں بجلی نہیں ہے۔ اس وجہ سے زخمیوں کا علاج کرنے میں دقتیں پیش آ رہی ہیں۔ کئی زخمیوں کے گھر والے موبائل ٹارچ کی روشنی میں علاج کرا رہے ہیں۔