مہاراشٹر میں ان دنوں مافیا گروہوں کے درمیان ہونے والے گینگ وار سے زیادہ بندروں اور کتوں کے درمیان ہو رہے گینگ وار سے عوام دہشت میں ہیں۔ یہ سننے میں بہت عجیب ضرور لگے گا لیکن مہاراشٹر کے بیڈ علاقہ میں کافی دنوں سے بندروں اور کتوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ ان دونوں جانوروں کی جنگ سے مقامی عوام پریشان ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ اس گینگ وار میں تقریباً 80-70 کتے کے پلّوں کی جان گئی ہے۔

اس تعلق سے ’آج تک‘ میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں گاؤں والوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گینگ وار کی شروعات اس وقت ہوئی جب کچھ کتوں نے بندر کے بچے کو مار دیا تھا۔ اس وقت سے شروع ہوئی یہ لڑائی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں بندروں نے کئی کتے کے بچوں کو مار دیا۔ کبھی درخت پر لے جا کر بندروں نے کتے کے بچوں کو نیچے پھینک دیا، تو کبھی اونچی عمارتوں سے پھینکا گیا۔ پریشان مقامی باشندوں نے اس واقعہ کی جانکاری محکمہ جنگلات کو دی۔

اے این آئی کے ایک ٹوئٹ کے مطابق یہ دہشت 2 بندروں نے پھیلا رکھی تھی جسے ناگپور فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے پکڑ لیا ہے۔ بیڈ فاریسٹ افسر سچن کانڈ نے بتایا کہ دونوں بندروں کو ناگپور لے جایا گیا اور قریب کے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ اس خبر سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔