تائیوان میں لگاتار آئے کئی زلزلوں سے دہشت کا عالم پیدا ہو چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہلکے اور تیز ملا کر تقریباً 100 بار زلزلے آئے ہیں۔ سنیچر کے روز ریکٹر پیمانہ پر 6.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کا مرکز تائتنگ تھا۔ اتوار کی صبح اسی علاقے میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، اور پھر اتوار کی دوپہر 7.2 شدت کا زلزلہ بھی یہاں محسوس کیا گیا۔ اتوار کی دوپہر آئے زلزلہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ تائتنگ کی سطح سے 10 کلومیٹر اندر پیدا ہوا تھا۔

ان زلزلوں کی وجہ سے تائیوان میں تباہی کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں، کچھ مقامات پر پل گر گئے ہیں اور کئی ٹرینیں پٹریوں سے اتر گئی ہیں۔ کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں منہدم عمارتیں، ڈولتی اور ٹوٹتی ہوئی سڑکیں، ڈگمگاتی ٹرینیں دکھائی دے رہی ہیں۔ یو ایس پیسفک سنامی وارننگ سنٹر نے ان زلزلوں کے بعد تائیوان میں سنامی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

غور طلب ہے کہ تائیوان ’رِنگ آف فائر‘ علاقہ میں پڑتا ہے۔ یہ علاقہ ایسی جگہ پر ہے جہاں سب سے زیادہ زلزلہ اور سنامی دیکھنے کو ملتا ہے۔ دراصل تائیوان دو ٹیکٹونک پلیٹوں کے بالکل نزدیک بسا ہوا ہے۔ بہرحال، جاپان کے محکمہ موسمیات نے بھی 3.2 فیٹ اونچی لہروں والی سنامی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ دراصل اوکیناوا میں زلزلہ کے پیش نظر سنامی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مزید کچھ زلزلوں کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔