پٹنہ کی ’گریجویٹ چائے والی‘ کو کون نہیں جانتا۔ کئی مشہور ہستیوں نے سڑک کنارے ٹی اسٹال چلانے والی پرینکا گپتا یعنی ’گریجویٹ چائے والی‘ کے یہاں چائے پی ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب لوگوں کو یہ مشہور چائے نصیب نہیں ہوگی۔ ایسا اس لیے کیونکہ پرینکا انتظامیہ کے ذریعہ بار بار ٹی اسٹال ہٹائے جانے سے پریشان ہو گئی ہیں، وہ اب اپنا کاروبار بند کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ روتی-سسکتی ہوئی اپنی تکلیف بیان کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں پرینکا کہتی ہیں ’’آپ سب تو مجھے جانتے ہی ہوں گے، گریجویٹ چائے والی…۔ مجھے تو لگا تھا کہ ہم بہار میں کچھ الگ کر رہے، تبھی نہ آپ سپورٹ کر رہے تھے۔ لیکن ہم اپنی حد بھول گئے تھے۔ یہ بہار ہے… یہاں لڑکیوں کی اوقات بس اتنی ہوتی ہے کہ وہ کچن تک محدود رہتی ہیں۔ ہونی بھی چاہیے۔ لڑکیوں کو آگے بڑھنے کا کوئی حق نہیں ہوتا۔‘‘
مقامی انتظامیہ سے ناراض پرینکا کا کہنا ہے کہ ’’پٹنہ میں غیر قانونی طریقے سے بہت سارا کام ہوتا ہے۔ غیر قانونی طریقے سے شراب بیچا جاتا ہے، لیکن وہاں سسٹم ایکٹیو نہیں ہوتا۔ لیکن کوئی لڑکی اپنا بزنس کر رہی ہے تو اس کو بار بار پریشان کیا جاتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں ’’کمپنی بند کرنے جا رہے ہیں، اب ہم واپس گھر جا رہے ہیں۔ تھینک یو نگر نگم، تھینک یو بہار کے سسٹم۔ لوگوں نے مجھے میری اوقات بتا دی کہ لڑکی ہو.. گھر میں رہو۔‘‘