اتر پردیش میں بی جے پی اتحاد نے 273 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کر کئی معاملوں میں سیاسی پنڈتوں کو حیران کر دیا۔ بی جے پی کی اس کامیابی میں کئی اسمبلی سیٹیں ایسی رہیں جہاں شکست اور فتح کے درمیان کا فرق بہت کم رہا۔ کچھ سیٹوں پر تو یہ فرق 500 سے بھی کم دیکھنے کو ملا۔ یوپی اسمبلی انتخاب 2022 کے ریزلٹ کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ 11 ایسی سیٹیں رہیں جہاں جیت اور ہار کا فرق 500 سے کم دیکھنے کو ملا اور ان میں سے 7 پر بی جے پی امیدوار کامیاب ہوئے۔
بی جے پی نے جن 7 اسمبلی سیٹوں پر انتہائی کم فرق سے فتح کا پرچم لہرایا وہ ہیں دھام پور، کرسی، نہتور، بلاس پور، بروت، ناکور اور کٹرا۔ ان سیٹوں سے بالترتیب اشوک کمار نے 203 ووٹوں، سکیندر پرتاپ نے 217 ووٹوں، اوم کمار نے 258 ووٹوں، بلدیو سنگھ اولکھ نے 307 ووٹوں، کرشن پال ملک نے 315 ووٹوں، مکیش چودھری نے 315 ووٹوں اور ویر وکرم سنگھ نے 357 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
باقی 4 ایسی سیٹیں جہاں شکست و فتح کا فرق 500 سے کم رہا، وہاں سماجوادی پارٹی امیدوار کامیاب ہوئے۔ یہ چار سیٹیں ہیں چاند پور، رام نگر، ایسولی اور دبیاپور۔ چاند پور سے سوامی اومویش نے 234 ووٹوں سے، رام نگر سے فرید محفوظ قدوائی نے 261 ووٹوں سے، ایسولی سے محمد طاہر خان نے 269 ووٹوں سے، اور دبیاپور سے پردیپ کمار یادو نے 473 ووٹوں سے جیت حاصل کی۔