ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز کا نتیجہ تو ابھی سامنے نہیں آیا ہے، لیکن ان دونوں ٹیموں نے 132 سالہ قدیم ریکارڈ میں شامل ہونے کا دلچسپ کارنامہ انجام دے دیا ہے۔

دراصل موجودہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اجنکیا رہانے نے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کی قیادت کا ذمہ کین ولیمسن کے ہاتھوں میں تھا۔ اب دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہونے کی وجہ سے ولیمسن میچ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ ٹام لیتھم کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ دوسری طرف ہندوستانی ٹیم میں وراٹ کوہلی کی واپسی ہوئی اور انہوں نے کپتانی کی ذمہ داری سنبھال لی۔ رہانے کو دوسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کا موقع بھی نہیں ملا کیونکہ وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ اس طرح 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 4 کھلاڑیوں کو کپتانی کرنے کا موقع مل گیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دو ٹیسٹ میچوں میں 4 کھلاڑیوں کے ذریعہ کپتانی کرنے کا ریکارڈ اس سے پہلے 132 سال قبل بنا تھا۔ 1889ء میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی اور پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اوین ڈونیل اور انگلینڈ کے کپتان آبری اسمتھ تھے۔ دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی کپتانی کی ذمہ داری ولیمن ملٹن نے سنبھالی تھی جبکہ انگلینڈ کا کپتان مونٹی بوڈین کو بنایا گیا تھا۔ 131 برسوں تک یہ ریکارڈ قائم رہا، لیکن 3 دسمبر کو یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، یا پھر کہیے کہ ریکارڈ کی برابری ہو گئی۔