رمضان کی آمد پر مسلمانوں کو متاثر کرنے کے لیے کمپنیاں سحر و افطار کو پیش نظر رکھتے ہوئے اشتہارات بناتی ہیں۔ ان کا مقصد ہوتا ہے مسلمانوں کے درمیان اپنی مصنوعات کی بہتر انداز میں تشہیر کرنا۔ دنیا کے کئی ممالک میں ماہِ رمضان میں ایسے اشتہارات ٹی وی یا سوشل میڈیا پر دیکھنے کو مل جاتے ہیں۔ ہندوستان میں بھی ’بگ بازار‘، ’ٹاٹا موٹرس‘، ’میک ڈونالڈس‘ وغیرہ نے گزشتہ کچھ سالوں میں رمضان پر مبنی ویڈیو اشتہارات جاری کیے جس کا انھیں فائدہ بھی ملا۔ ان دنوں ’سرف ایکسیل‘ کا 5 سال پرانا ایک اشتہار خوب وائرل ہو رہا ہے جو کہ ’سرف ایکسیل پاکستان‘ یوٹیوب چینل پر 2017 میں اَپلوڈ کیا گیا تھا۔

مشہور و معروف صحافی اور ’گجرات فائلس‘ کی مصنفہ رعنا ایوب نے ’سرف ایکسیل‘ کے مذکورہ بالا اشتہار کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے اور اسے اپنا پسندیدہ اشتہار بھی بتایا ہے۔ 23 مارچ کو رمضان کے موقع پر انھوں نے یہ ویڈیو پوسٹ کیا تھا جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو اشتہار کو کچھ دیگر لوگوں نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔ اشتہار کے آخر میں ’ہیش ٹیگ نیکی ایک عبادت‘ لکھا دکھائی دیتا ہے، جس سے ظاہر ہے کہ اشتہار میں نیکی کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ اگر آپ نے یہ اشتہار نہیں دیکھا ہے تو ایک بار ضرور دیکھیے، کیونکہ یہ دل کو چھو لینے والا پیغام دیتا ہے۔ اس اشتہار میں ایک بچے کی معصومیت اور نیک دلی کا بھرپور اظہار نظر آتا ہے۔