نئی دہلی: اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ بہ اشتراک ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ، نئی دہلی کی جانب سے 24 مئی کو ہفت روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پروفیسر شہزاد انجم (اعزازی ڈائریکٹر، اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ) نے کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’جامعہ ایک تحریک ہے جس نے اردو کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جامعہ کے معماروں نے انتہائی خلوص، محنت اور جانفشانی سے جامعہ کی ترقی و بہبود کے ساتھ ساتھ اردو کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ہمیں بھی اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ اردو تعلیم و تدریس کے حوالے سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارنامے غیر معمولی ہیں۔‘‘
افتتاحی اجلاس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے سید تنویر احمد (ڈائریکٹر، مرکزی تعلیمی بورڈ، نئی دہلی)، محمد سلیم اللہ خان (اسسٹنٹ سکریٹری، مرکزی تعلیمی بورڈ) اور مولانا انعام اللہ فلاحی (کوآرڈینیٹر درسیات، مرکزی تعلیمی بورڈ) شریک ہوئے۔ اس دوران سید تنویر احمد نے آموزشی ماحصل کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اس کے چار نکات یعنی معلومات، مہارت، اقدار کی تخم ریزی اور پائیدار ترقی پر تفصیل سے روشی ڈالی۔
محمد شفیق عالم ندوی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر حنا آفریں نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر نوشاد عالم کے ہدیۂ تشکر کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر خالد مبشر، اقبال حسین، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر آفتاب منیری، ڈاکٹر آس محمد صدیقی، ڈاکٹر سعود عالم اور عائشہ رحمٰن وغیرہ شریک رہے۔