پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنی ٹیم کے سب سے ہونہار کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی بلے بازی کے ذریعہ کئی بار ٹیم کو مشکل حالات سے باہر نکالا اور جیت دلائی۔ وہ اکثر میچ کے دوران سجدہ کرتے یا پھر وکٹ کیپنگ کے دوران عربی کلمات ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وہ اپنے بہترین کھیل اور اسلامی افکار کی وجہ سے نہ صرف ٹیم میں پسندیدہ کھلاڑی ہیں، بلکہ عالمی سطح پر بھی مقبول ہیں۔ لیکن پاکستان کے سابق تیز گیندباز سکندر بخت نے ایسا بیان دیا ہے جو محمد رضوان کی شخصیت کو داغدار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

سکندر بخت نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد اب کبھی واپسی نہیں کر پائیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ محمد رضوان انھیں ٹیم میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ ایک پاکستانی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سکندر نے کہا کہ ’’سرفراز اب کبھی ٹیم میں نہیں کھیل پائیں گے۔ محمد رضوان کہہ چکے ہیں کہ میں سرفراز کو کبھی آنے نہیں دوں گا۔ یہ بات میرے ساتھ پروگرام کرنے والے ایک کرکٹر نے مجھے بتائی۔‘‘

دراصل سرفراز طویل عرصہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ امید تھی کہ ٹی-20 عالمی کپ ٹیم میں وہ شامل ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ سکندر بخت کے مطابق ’’جب سرفراز ٹیم میں تھے تو انھوں نے رضوان کو موقع نہیں دیا۔ اس لیے اب الٹا ہو رہا ہے۔ میں نے تو یہی سنا ہے۔ میں غلط بھی ہو سکتا ہوں۔‘‘