امریکہ کی ریاست اوہیو واقع کلیولینڈ میڈیکل سنٹر میں حمل کے اندر ہی بچے کے دل کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔ یہ نہایت ہی پیچیدہ آپریشن ڈاکٹر آف میڈیسن ڈیرل کاس کی سربراہی میں مختلف شعبوں پر مبنی سرجری ٹیم نے انجام دیا۔ اس ٹیم میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ہانی نجم بھی شامل تھے جنھوں نے بچے کے دل سے ٹیومر نکالا۔

دراصل سیم ڈرینن نامی ایک خاتون کو حمل کے دوران ایسی تکلیف کا سامنا ہوا کہ آپریشن کی ضرورت پڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 ہفتے پرانے جنین کے سینے تک رسائی حاصل کی گئی، اور پھر جنین کے دل پر بڑھتے ہوئے ٹیومر کو نکال کر زندگی بچانے کا پیچیدہ عمل انجام دیا گیا۔ آپریشن کے تقریباً 10 ہفتے بعد اس بچے کی پیدائش ہوئی اور گزشتہ دنوں جب دنیا کو اس کی جانکاری دی گئی تو سبھی حیران ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سرجری کے دوران رائلن کے بازو اور کندھے انتہائی احتیاط سے اس کے رحم سے باہر نکالے گئے، جب کہ اس کا سر اندر ہی رہنے دیا گیا تھا۔

آپریشن کے بارے مین سعودی ڈاکٹر ہانی نجم نے کہا کہ انھوں نے کبھی جنین پر سرجری کے اس طریقہ کار کا استعمال نہیں کیا۔ لیکن اس بار اس کی ضرورت تھی کیوں کہ ٹیومر بڑا ہو رہا تھا، جو دل کی دھڑکن بند ہونے سبب بن سکتا تھا۔ غور طلب ہے کہ ڈاکٹر نجم نے کناڈا سے تربیت حاصل کی اور سعودی میں 16 سال تک پریکٹس کیا۔