دوشنبہ، تاجکستان: ’’ہندوستانی تہذیب و ثقافت کا بنیادی تصور باہمی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد پسندی پر قائم ہے۔ ہندوستان کی اصل قوت کثرت میں وحدت رہی ہے۔ مشترکہ کلچر پر ہر ہندوستانی کو فخر ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مشتاق صدف نے انڈیا اسٹڈی سنٹر، تاجک نیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام اپنے ایک خصوصی لیکچر بعنوان ’ہندوستانی تہذیب و ثقافت اور معاشرہ‘ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب، نظریات اور اعتقادات کی کثرت میں وحدت کی قوت نے ہندوستان میں سب کو ایک دھاگے میں پرو کر رکھا ہے۔
تاجک نیشنل یونیورسٹی کے ہندی-اردو اساتذہ اور طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے تاجک نیشنل یونیورسٹی کے وزیٹنگ پروفیسر مشتاق صدف نے کہا کہ ہندوستانی اکثریت نے ہمیشہ سے محبت کے پیغام کو عام کیا ہے۔ تہذیب و ثقافت کے تعلق سے انسانی، روحانی و اخلاقی اقدار اور وحدت و اتحاد کی جو شمع صدیوں سے روشن ہے وہ ہندوستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام مذہبی کتابیں امن و آشتی، انسانی اقدار اور اچھے اخلاق کے اصل ماخذات ہیں۔
اس موقع پر ہندی-اردو شعبہ کے چیئرمین اور انڈیا اسٹڈی سنٹر کے نگراں پروفیسر قربانوف حیدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق صدف نے اپنے خصوصی لیکچر میں ہندوستانی تہذیب و ثقافت اور انسانی اقدار کے ساتھ معاشرتی زندگی کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا۔ اس محفل میں اساتذہ میں ڈاکٹر لطیفو علی خان، ڈاکٹر صباحت اور ڈاکٹر استدبی بی کے ساتھ ہندی-اردو کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔