کرکٹ کے میدان میں 9 اپریل کو غضب کا نظارہ دیکھنے کو ملا جب ہندوستان اور پاکستان کے بلے بازوں نے ایک ساتھ ایسی دھماکہ خیز شراکت داری کی کہ ٹیم ہاری ہوئی بازی جیت گئی۔ دونوں نے کہرام مچاتے ہوئے مخالف ٹیم کے گیندبازوں کی سٹی پٹی گم کر دی۔ ہند-پاک کھلاڑیوں کے اس گٹھ جوڑ نے نہ صرف اپنی ٹیم کو جیت دلائی بلکہ 3 میچوں کی سیریز کو 1-1 کی برابری پر بھی لا کھڑا کیا۔

ہم بات کر رہے ہیں 9 اپریل کو نامیبیا اور یوگانڈا کے درمیان کھیلے گئے ٹی-20 بین الاقوامی میچ کی۔ اس میں یوگانڈا کے لیے ہند-پاک نژاد کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے نظر آئے۔ یوگانڈا اس وقت ٹی-20 سیریز کھیلنے کے لیے نامیبیا کے دورے پر ہے جہاں دوسرے میچ میں ہند نژاد بلے باز دنیش ناکرانی اور پاک نژاد ریاست علی شاہ نے اپنی بلے بازی سے نامیبیا کے گیندبازوں کی ناک میں دم کر دیا۔

میچ میں نامیبیا نے یوگانڈا کے سامنے 20 اوور میں 178 رن بنانے کا ہدف رکھا تھا۔ یوگانڈا کی حالت خستہ تھی جب 9ویں اوور میں 60 رن پر 3 وکٹ گر گئے تھے۔ نامیبیائی ٹیم جیت کی خوشبو محسوس کر رہی تھی جب دنیش اور ریاست نے میدان پر کہرام مچانا شروع کیا۔ دنیش نے 39 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 77 رن (8 چوکے، 3 چھکے)، اور ریاست نے 43 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 57 رن (4 چوکے، 3 چھکے) بنائے۔ دونوں نے یوگانڈا کو ایک گیند رہتے ہوئے جیت دلائی اور نامیبیائی ٹیم دیکھتی رہ گئی۔