تمل ناڈو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بس ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔ واقعہ جمعرات کی صبح کا ہے جب تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی این ایس ٹی سی) کے بس ڈرائیور کو اچانک دل کا دورہ پڑا۔ اس تکلیف کے وقت بھی اسے سواریوں کا خیال رہا اور بس کو کسی طرح سے کنارے لے جا کر پارک کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح تمل ناڈو کے مدورئی میں یہ حادثہ پیش آیا۔ ڈرائیور کا نام اروموگم ہے جو 30 مسافروں کے ساتھ اراپّلایم سے کوڈائیکنال کے لیے تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس لے کر روانہ ہوا تھا۔ جیسے ہی بس صبح تقریباً 6.20 بجے ارپّلایم سے روانہ ہوئی، ڈرائیور نے کنڈکٹر بھگیاراج کو سینے میں تیز درد کی شکایت کی۔ اس سے پہلے کہ اروموگم کی بس حادثہ کا شکار ہوتی، اس نے اپنی تکلیف برداشت کرتے ہوئے فوراً اسے سڑک کے کنارے کھڑا کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ اروموگم شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔ کنڈکٹر نے فوراً ایک ایمبولنس کو فون کیا۔ لیکن ایمبولنس جب تک وہاں پہنچتی، اروموگم کی موت ہو چکی تھی۔ تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ڈپٹی کمرشیل منیجر (مدورئی) یوراج کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ اروموگم کو بس ڈرائیونگ کا 12 سالوں کا تجربہ تھا۔ جس طرح سے اس نے مسافروں کی جان بچانے کے لیے بس کو فوراً سڑک کنارے لگا دیا، اسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔