آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کا نام بدلنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی حکومت نے راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں موجود 23 ’ایمس‘ اسپتالوں کا نام جلد بدل سکتی ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ ان اسپتالوں کا نام مشہور مقامی ہستیوں، مجاہدین آزادی، گمنام ہیروز یا علاقے میں موجود تاریخی یادگاروں کے نام پر رکھے جائیں۔ اس سلسلے میں ایک تجویز بھی پیش کر دی گئی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح کی طرف سے سبھی 23 ’ایمس‘ اسپتالوں کا نام بدلنے سے متعلق مشورے طلب کیے گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ایمس نے کچھ ناموں کی فہرست بھی سونپ دی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزارت صحت نے سبھی ایمس کو مخصوص نام دینے کے لیے تجویز تیار کر لی ہے۔ اس میں ان سبھی ایمس کو شامل کیا گیا ہے جو کہ پوری طرح سے، جزوی طور پر کام کر رہے ہیں یا زیر تعمیر ہیں۔

غور طلب ہے کہ ابھی ایمس اسپتالوں کو ان کے مقامات سے جوڑ کر مخاطب کیا جاتا ہے۔ مثلاً ایمس دہلی، ایمس پٹنہ، ایمس جودھپور، ایمس بھوپال وغیرہ۔ لیکن اب سبھی کو ایک مخصوص نام دینے کی تیاری ہو رہی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے سبھی ایمس سے گزارش کی تھی کہ وہ تین سے چار نام تجویز کریں، اور کچھ ایمس اسپتالوں کی طرف سے ناموں کی فہرست مرکز کو بھیج بھی دی گئی ہے۔