امریکہ میں ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص کی لاش کے ساتھ ساتھ 124 خطرناک سانپ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ معاملہ امریکہ کے میری لینڈ علاقہ کا ہے جہاں کے لوگ خوف و دہشت میں ہیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ گھر کے مالک نے غیر قانونی طور پر سانپ پال رکھے تھے جس کی خبر غالباً کسی کو نہیں تھی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 49 سالہ ایک شخص کافی دنوں سے نظر نہیں آیا جس پر اس کے پڑوسیوں نے گھر میں جھانک کر حقیقت جاننے کی کوشش کی۔ پڑوسیوں کو گھر کے اندر زمین پر پڑی ہوئی لاش نظر آئی جس کے بعد فوراً انھوں نے پولس کو خبر دی۔

مقامی پولس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں کے ذریعہ خبر دیے جانے کے بعد گھر سے لاش کو برآمد کیا گیا۔ حیرانی اس وقت ہوئی جب ایک ٹینک نما پنجرے میں بڑی تعداد میں سانپ دیکھنے کو ملے۔ پولس کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ان سانپوں میں سے بعض انتہائی زہریلے ہیں۔ ان میں پھنکارنے والے سانپ، اژدہے، کوبرا اور بلیک ممبا بھی شامل ہیں۔

پولس نے پورے گھر کا باریکی سے معائنہ کیا۔ لاش اور سانپوں کے علاوہ گھر سے مزید کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ لاش کو دیکھ کر کسی سازش یا قتل کا اندازہ نہیں ہوتا ہے۔ تاہم پولس نے پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش کیے جانے کی بات کہی ہے۔