متعدد بالی ووڈ فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنے والی اور دوردرشن کے مشہور پروگرام ’پھول کھلے ہیں گلشن گلشن‘ کی میزبانی سے شہرت دوام حاصل کرنے والی اداکارہ تبسم (78 سال) انتقال کر گئی ہیں۔ انتقال تو پرانی بات ہو گئی، انھیں ممبئی واقع ایک شہر خموشاں میں دفن بھی کر دیا گیا ہے۔ سنیچر کو تدفین کا عمل انجام دیے جانے کے بعد یہ خبر تیزی کے ساتھ پھیلی کہ اپنے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رکھنے والی تبسم اس دنیا میں نہیں رہیں۔ ہر کوئی اس خبر سے حیرت میں ہے کہ انتقال جمعہ کی شب ہوا اور اطلاع سنیچر کی شام مل رہی ہے۔ لیکن اس کے پیچھے ایک خاص وجہ ہے جو ان کے بیٹے ہوشانگ نے سنیچر کے روز میڈیا اداروں سے بتائی۔

دراصل تبسم نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی موت کے بارے میں کسی کو فوری طور پر بتایا جائے۔ بیٹے ہوشانگ گووِل کے مطابق تبسم نے پہلے ہی گھر والوں کو ہدایت دے رکھی تھی کہ ان کے انتقال کی خبر دو دن بعد دی جائے۔ حالانکہ تبسم کی آخری رسومات ادا کیے جانے کے بعد ہوشانگ نے میڈیا کو اس سلسلے میں جانکاری دے دی۔ اور پھر خبر ایسی پھیلی کہ سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

غور طلب ہے کہ تبسم نے 1947 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ فلم انڈسٹری میں کام کرنا شروع کیا تھا۔ اس وقت وہ بے بی تبسم کے نام سے مشہور ہوئی تھیں۔ انھوں نے ’نرگس‘، ’میرا سہاگ‘، ’بیجو باؤرا‘ جیسی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔