پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو اس وقت بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا جب سربیا میں موجود پاکستانی سفارتخانہ نے ہی عمران حکومت پر طنزیہ ٹوئٹ کر دیا۔ دراصل پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور معیشت تباہ حال۔ ایسے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ افسران بھی پریشان ہیں۔ سربیا میں موجود پاکستانی سفارتخانہ نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کیا جس میں ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے کی بات کہی گئی ہے۔ ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی ہے جس میں عمران کے بیان ’آپ نے گھبرانا نہیں‘ پر طنز کیا گیا ہے۔

ٹوئٹ میں ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’مہنگائی پچھلے سبھی ریکارڈس توڑ چکی ہے۔ آخر کب تک پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سرکاری افسران سے امید لگائے رہیں گے کہ ہم 3 مہینوں سے بغیر تنخواہ کے خاموشی سے کام کرتے رہیں؟ اس کی وجہ سے ہمارے بچوں کو اسکول سے نکالا جا چکا ہے کیونکہ ہمارے پاس فیس بھرنے کے پیسے نہیں ہیں۔‘‘

سربیا واقع پاکستانی سفارتخانہ کے ٹوئٹر ہینڈل سے مذکورہ ٹوئٹ کرنے والے شخص نے بعد میں کمنٹ سیکشن میں لکھا ’’مجھے معاف کر دینا عمران خان، میرے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔‘‘ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ ٹوئٹ کسی افسر نے کیا ہوگا۔ حالانکہ کئی لوگوں کے مطابق عمران کو بدنام کرنے کے لیے کسی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیا ہوگا۔ بہرحال، کچھ دیر بعد اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ بھی کر دیا گیا۔