بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان کے دیوانوں کی کمی نہیں ہے۔ اب انھیں ایک نئی شیدائی ’مس مارول‘ کی شکل میں مل گئی ہے۔ جی ہاں، مس مارول یعنی پہلی مسلم سپرہیرو کمالا خان کی جو نئی کلپ ’ڈزنی+ہاٹ اسٹار‘ کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی گئی ہے اس میں اس بات کا انکشاف ہوتا ہے۔ اس کلپ میں کمالا خان اور ان کی دوست شاہ رخ اور ان کی بہترین فلموں، خصوصاً ’بازیگر‘ اور ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے بارے میں بات کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’مس مارول‘ ویب سیریز کی کو-ایگزیکٹیو پروڈیوسر ثنا امانت نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’مس مارول‘ میں شاہ رخ کا تذکرہ کامکس سے لیا گیا ہے۔

ثنا امانت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’’اگر شاہ رخ خان اس شو میں آنا چاہتے ہیں تو ہم پھر سے فلم کریں گے۔ ہم پروڈکشن میں واپس جائیں گے۔ ہم پروڈکشن میں واپس جا رہے ہیں، کسی کو بلاؤ، شاہ رخ کامکس سے ہیں۔ کامکس میں ہمارے پاس شاہ رخ خان کے کچھ تذکرے ہیں کیونکہ یہ کمالا کی بالی ووڈ کے ساتھ دلچسپی تھی، اور ہم انھیں پیار کرتے ہیں۔‘‘

غور طلب ہے کہ ہر ہفتہ بدھ کے روز ’مس مارول‘ کا نیا ایپی سوڈ ریلیز ہوتا ہے۔ اس میں کمالا خان کا کردار ایمان ویلانی نے نبھایا ہے۔ گزشتہ 8 جون کو اس ویب سیریز کے پہلے ایپی سوڈ کی اسٹریمنگ پانچ زبانوں انگریزی، ہندی، تمل، تیلگو اور ملیالم میں ہوئی تھی۔