فلم ’باہوبلی‘ کے ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی نئی فلم ’آرآرآر‘ کا فلم شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ اس فلم کی پہلی ویڈیو اب سامنے آ گئی ہے۔ ویڈیو میں فلم کے سرکردہ اداکاروں جونیئر این ٹی آر، رام چرن تیجا، اجئے دیوگن اور عالیہ بھٹ کی بھی جھلک دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ساتھ ہی اس میں جنگ کا منظر بھی دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ فلم ’باہوبلی‘ کے طرز پر خوب دھمال مچانے والی ہے۔ جونیئر این ٹی آر، رام چرن تیجا، اجئے دیوگن اور عالیہ بھٹ جیسے اداکاروں کا ایک ساتھ فلمی پردے پر آنا بھی اپنے آپ میں ایک بہت بڑی بات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم ’آرآرآر‘ باہوبلی فرنچائزی کے مقابلے کہیں زیادہ بڑا پروجیکٹ بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

ویڈیو میں دیکھنے سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کا ویزوئل کافی عمدہ ہے۔ اس فلم کے بارے میں یہ بات پہلے ہی بتائی جا چکی ہے کہ جونیئر این ٹی آر اور رام چرن بالترتیب مجاہدین آزادی کومارام بھیم اور الّوری سیتارام راجو کے نوجوانی کے دنوں کو پردے پر لائیں گے۔ یہ ایک تصوراتی کردار ہوگا جو لوگوں میں ایک الگ شناخت قائم کرے گا۔ فلم شائقین اس فلم کو لے کر ابھی سے پرجوش ہیں۔ غور طلب ہے کہ ’آرآرآر‘ میں کام کر رہے اجئے دیوگن اور عالیہ  بھٹ کی یہ پہلی تلگو فلم ہے۔ ساتھ ہی دونوں پہلی بار کسی فلم میں اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔