نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈنان فارمل ایجوکیشن میں چارروزہ آئی سی ٹی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ 22 فروری تا 25 فروری چلنے والے اس ورکشاپ کا افتتاح صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور نے کیا تھا۔ اس ورکشاپ میں مجموعی طور پر 24 سیشن ہوئے جن میں تدریس و آموزش کے عمل کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مؤثر، مفید، جامع اور طلبا مرکوز بنانے کے طریقوں پر توجہ دی گئی۔
ورکشاپ کوآرڈینیٹر اور کورس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد اسجد انصاری نے اس پروگرام کے سبھی سیشنز کو موثر بنانے کے لیے دہلی کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے ٹیکنالوجی کے ماہرین کو مدعو کیا تھا۔ اس کی اختتامی تقریب فیکلٹی آف ایجوکیشن کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور، ڈاکٹر مامور علی، ڈاکٹر انصار احمد اور شعبے کے کئی اساتذہ اور طلبا و طالبات نے اس تقریب میں شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد اسجد انصاری نے سبھی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ورکشاپ کے آموزشی ماحصل کو تفصیل سے پیش کیا۔
اس موقع پر صدر شعبہ نے موجودہ دور میں ہماری روزمرہ کی زندگیوں میں ٹیکنالوجی کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال ہمیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہو سکیں۔ ڈاکٹر مامور علی نے اپنے خطاب میں موجودہ دور میں تدریسی و آموزشی عمل کے تیزی سے بدلتے منظرنامے پر ٹیکنالوجی کی اہمیت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اب ٹیکنالوجی کا استعمال تدریسی عمل میں ناگزیر بن چکا ہے۔