بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین عبدالقیوم انصاری نے مدارس کے طلبا کو لے کر ایک اہم بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مدارس میں زیر تعلیم طلبا کا مستقبل اس وقت بہتر ہوگا جب تمام مدارس خود کو مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں رجسٹرڈ کروائیں گے۔ عبدالقیوم انصاری کا کہنا ہے کہ تمام ریاستوں میں مدرسہ ایجوکیشن بورڈ قائم کیا جانا چاہیے۔ پھر مدارس کے رجسٹریشن کی کوششیں شروع ہونی چاہئیں۔ اس طرح سے مدارس کے طلبا کے مستقبل کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار عبدالقیوم انصاری نے تلنگانہ واقع میڈیا پلس آڈیٹوریم میں آل انڈیا تعلیمی اقلیتی بورڈ تلنگانہ چیپٹر کے زیر اہتمام منعقد ایک اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے تعلق سے انھوں نے کہا کہ اس میں سرکاری مداخلت نہیں ہے جو اچھی بات ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’مدرسہ ایجوکیشن بورڈ سے رجسٹرڈ ہونے والے مدارس کے داخلی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جاتی۔‘‘

دیگر ریاستوں میں مدرسہ ایجوکیشن بورڈ قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے عبدالقیوم انصاری کہتے ہیں ’’اس وقت صرف 8 ریاستوں میں مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ہے۔ جہاں تک بہار کا تعلق ہے، یہاں تقریباً 4000 مدارس ہیں۔ ان میں سے تقریباً 2000 مدارس کو سرکاری امداد حاصل ہوتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بہار میں ایک نیا تعلیمی انقلاب محض مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی بدولت ہی ممکن ہوسکا۔ آج بہار تعلیمی میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔‘‘