کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک دولہا اپنی بارات لے کر سائیکل سے 18 کلومیٹر دور دلہن کے گھر پہنچا۔ اس شادی میں مہمانوں نے ’گوگل میٹ‘ کے ذریعہ شرکت کی۔ پھر زومیٹو فوڈ ڈیلیوری سروس نے مہمانوں کے گھر پر کھانا پہنچایا۔ یہ معاملہ مغربی بنگال کے بردھمان کا ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دولہا سندیپن پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے ساتھ ساتھ شہر میں بڑھتی آلودگی کو لے کر بہت متفکر تھا۔ اس لیے فیصلہ کیا کہ سائیکل سے بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچے گا۔ راستے میں جس نے بھی سندیپن کو دولہے کے لباس میں سائیکل چلاتے دیکھا وہ حیران رہ گیا۔ کئی لوگوں نے تو راستے میں اسے روک کر تصویریں بھی کھنچوائیں۔ سندیپن جب دلہن ادیتی کے گھر پہنچا تو وہاں بھی سبھی حیرت زدہ رہ گئے۔
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ شادی کی اس تقریب میں مہمانوں کو ’گوگل میٹ‘ پر دعوت دی گئی تھی۔ کورونا وبا کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔ یعنی گھر سے ہی دوست و احباب گوگل میٹ پر اس شادی کے گواہ بنے اور جوڑے کو دعائیں دیں۔ پھر جب کھانے کی باری آئی تو زومیٹو کے ذریعہ سبھی مہمانوں کے گھر پر کھانا ڈیلیور کیا گیا۔ گویا کہ یہ تقریب اپنے آپ میں حیرت انگیز اور مثالی ثابت ہوئی۔ شادی سے پہلے بزنس مین دولہا سندیپن اور کولکاتا کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرنے والی ادیتی بہت فکر مند تھے، لیکن سب کچھ اچھی طرح ہو گیا۔