کوارنٹائن مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے جوہانسبرگ میں ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ ٹریننگ سیشن کی شروعات دوڑ سے کرنے کے بعد ’فوٹی‘ کھیلنے کے لیے ٹیم دو خیموں میں تقسیم ہو گئی۔ ایک ٹیم ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کی بنی جبکہ دوسری ٹیم ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کی۔ فوٹی کے دوران کھلاڑی ایک دوسرے سے ہنسی مذاق پر مبنی چھینٹا کشی کرتے نظر آئے۔ اس دوران دراوڑ کے ایک شاٹ کی وراٹ نے تعریف بھی کی۔

اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ سوہم دیسائی نے دوڑ کے بعد فوٹی کھیلنے کی وجہ کھلاڑیوں کے درمیان تال میل کو بڑھانا بتایا۔ سوہم نے کہا کہ ایسا کر کے ٹیم کو آنے والی سیریز میں فوکس کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ بی سی سی آئی نے بھی پریکٹس سیشن کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا۔ اس نظارہ کو دیکھ کر ’چک دے انڈیا‘ فلم کے ایک سین کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔

غور طلب ہے کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز 26 دسمبر سے شروع ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کے پاس جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کا سنہریٰ موقع ہے۔ کوہلی اور ان کے کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن کی زوردار طریقے سے شروعات تو کر دی ہے، اب میدان پر بھی اسی طرح کے زوردار مظاہرہ کی امید ہے۔ اس مرتبہ خاص بات یہ ہے کہ دراوڑ کوچ کی شکل میں اپنے تجربات سے ٹیم کی رہنمائی کرتے نظر آئیں گے۔