پٹنہ: 27 مارچ 2022 کو اردو صحافت کے 200 سال مکمل ہونے پر بہار کی راجدھانی پٹنہ میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد ہوا۔ اردو میڈیام فورم کے بینر تلے منعقد اس تقریب میں وزیر تعلیم وجے کمار چودھری، وزیر برائے دیہی ترقیات شرون کمار، راشٹریہ جنتا دل کے نائب صدر شیوانند تیواری جیسی اہم شخصیات نے شرکت کی اور اردو صحافت کے تعلق سے اپنے نظریات پیش کیے۔ تقریب کی صدارت مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نے کی جنھوں نے خطاب کے دوران کہا کہ ’’اردو میڈیا فورم کی جانب سے 200 سالہ جشن میں جو آوازیں اٹھی ہیں، اور جو مسائل بیان کیے گئے ہیں، اسے حل کیا جائے گا۔‘‘ شاندار تقریب کے انعقاد کے لیے انھوں نے فورم کے تمام ارکان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر اردو میڈیا فورم کے سرپرست اشرف فرید نے اردو صحافت کا منظرنامہ پیش کیا اور کہا کہ ’’آج اردو اخبار نکالنا انتہائی مشکل کام ہے۔ اقتصادی پریشانیوں کے سبب کئی اخبارات بند ہو گئے۔ لہذا اس جانب حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔‘‘ حالانکہ تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دینے والے اردو میڈیا فورم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان غنی نے کہا کہ ’’اگر اردو اخبارات میں بھی سلیقے سے رپورٹنگ کی جائے اور ایمانداری سے چیزیں رکھی جائیں تو حکومت کی توجہ مبذول ہو سکتی ہے۔ لہذا حکومت پر الزام لگانے کے بجائے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے اردو، عربی، فارسی کے پروفیسروں کی بحالی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک اردو اخبار کی رپورٹنگ کی وجہ سے ممکن ہوا۔