کورونا وبا کے دوران جہاں ایک طرف کئی بڑی بڑی فلمیں باکس آفس پر بُری طرح فلاپ ہوئیں، وہیں فلم ’پشپا‘کمائی کے ایسے ایسے ریکارڈ بنا رہی ہے جس کے بارے میں شاید ہی کسی نے تصور کیا تھا۔ اس فلم کے گانے، ڈائیلاگ اور اَلّو اَرجن کے اسٹائل نے سبھی کو اپنا دیوانہ بنا دیا ہے۔ یہی نہیں لوگوں میں اس فلم کا اتنا کریز ہے کہ وہ اس سے متعلق منفرد تجربے بھی کر رہے ہیں۔ اب اس فلم کے سپرہٹ گانا ’سری ولّی‘ کا کشمیری ورژن وائرل ہو رہا ہے جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تسلیم نام کا ایک شخص ’سری ولّی‘ گانے کو کشمیری ’فوک میوزک‘ میں تبدیل کر کے اسے ہارمونیم پر گا رہا ہے۔ تسلیم کا ’سری ولّی‘ گانے کا انداز بالکل منفرد اور متاثر کن ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 50 ہزار سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور مسلسل اس کے ویوز بڑھ رہے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا پر ردعمل بھی تیزی سے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ ’سری ولّی‘ کے کشمیری ورژن کو پسند کرتے ہوئے ایک یوزر نے اسے ‘فائر‘ قرار دے دیا تو دوسرے نے اسے ’بھجن‘ کہا ہے۔ ایک دیگر یوزر نے کہا کہ کشمیری کسی بھی چیز کو امپرووائز کر سکتے ہیں۔ ’سری ولّی‘ گانے کی بات کریں تو اسے دیوی شری پرساد نے کمپوز کیا ہے اور بول چندربوس کے ہیں، جبکہ تیلگو میں اسے سڈ شری رام اور ہندی میں جاوید علی نے گایا ہے۔