سوشل میڈیا نے نہ جانے کتنے ’عام‘ لوگوں کو لمحہ بھر میں ’خاص‘ بنا دیا ہے۔ رانو منڈل ہوں، کچا بادام والے بھوبن ہوں، یا پھر ’ڈانسنگ انکل‘ کے نام سے مشہور ہوئے سنجیو شریواستو ہوں… یہ سبھی عام لوگ ہیں جنھیں سوشل میڈیا نے اتنی شہرت عطا کی کہ ہر کوئی انھیں جاننے اور پہچاننے لگا۔ اب ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں نمکین بیچنے والے بھوپالی چچا کا دلچسپ انداز سبھی کو دیوانہ بنائے ہوئے ہے۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کی اس ویڈیو میں ایک عمر دراز چچا کئی طرح کی نمکین اپنے اسکوٹر پر رکھے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ گلی گلی اور محلے محلے جا کر نمکین بیچتے ہیں۔ لوگوں کو نمکین بیچنے کا ان کا انداز بہت لطف دیتا ہے، اور اسی لیے کسی نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ پھر کیا تھا، ویڈیو وائرل ہو گئی اور ساتھ میں بھوپالی چچا بھی۔
اس ویڈیو میں وہ اپنے دلچسپ انداز میں نغمہ سرائی کرتے دکھائی دیتے ہیں، اور جب ایک خاتون ان سے پوچھتی ہے کہ ’’کیا کیا نمکین ہے آپ کے پاس؟‘‘ تو وہ جواب میں سبھی نمکین کے نام ’بھوپالی انداز‘ میں اس طرح شمار کراتے ہیں کہ کوئی بھی مسحور ہو جائے۔ اس ویڈیو کو جب آپ دیکھیں گے تو دوبارہ دیکھے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔ بھوپالی چچا کا نمکین کیسا ہے یہ تو نہیں معلوم، لیکن ان کا انداز اتنا دلچسپ ہے کہ جس علاقے میں وہ جاتے ہیں، انھیں سننے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو جاتی ہے۔