مشہور این جی او ’دی رائل آل البیت انسٹی ٹیوٹ فار اسلامک تھاؤٹس‘ نے 2023 کی آمد سے ٹھیک پہلے دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اردن سے تعلق رکھنے والے اس این جی او نے اس سال جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا ہے، جبکہ امریکہ میں پیدا ہونے والی اور 1968 میں اسلام قبول کرنے والی مشہور مترجم عائشہ عبدالرحمن بیولے کو ’وومن آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ عائشہ نے کلاسیکی اسلامی تصنیفات کا عربی سے انگریزی زبان میں ترجمہ کر عالمی شہرت حاصل کی ہے۔

جہاں تک 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست کا سوال ہے، اس میں پہلا مقام سعودی عرب کے شہنشاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کو ملا ہے۔ دوسرا مقام ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خمینی اور تیسرا مقام قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کو دیا گیا ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں میں سب سے اچھی رینکنگ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کو ملی ہے جو کہ 15ویں مقام پر قابض ہیں۔ گزشتہ سال انھیں 27واں مقام حاصل ہوا تھا۔

مذکورہ این جی او نے یہ فہرست ’دی مسلم 500‘ نام سے جاری کی ہے اور صرف 50 ناموں کی ہی فہرست بندی کی گئی ہے۔ بقیہ 450 ناموں کو 13 مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مثلاً اسلامی دانشور، سیاسی ہستیاں، مذہبی امور و انتظام، مذہبی مبلغ و رہنما، سماجی کارکن، صنعت کار، سائنسداں، فنکار، قرآن کی تعلیم دینے والے، میڈیا ہستیاں، کھیل کی ہستیاں وغیرہ۔