اترپردیش کے شاہجہاں پور میں فاتح ٹیم کو انعامی رقم کی ادائیگی نہیں کیے جانے سے ناراض مقامی کھلاڑیوں نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ارون کمار ساگر کو اسٹیڈیم احاطے کے اندر یرغمال بنا کر اسٹیڈیم کے پھاٹکوں کو بند کر دیا اور زبردست ہنگامہ کیا۔ یہ معاملہ تھانہ روجا علاقہ کے یدوناتھ اسٹیڈیم کا ہے۔ یہاں 4 دنوں سے ’ایم پی اسپورٹس مقابلہ‘ چل رہا تھا۔ جمعرات کو مقابلے کے اختتام پر کھلاڑیوں نے رکن پارلیمنٹ ارون ساگر پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے ہنگامہ کرنا شروع کردیا۔

میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق کھلاڑیوں نے رکن پارلیمنٹ پر جیتنے پردی جانے والی رقم نہیں دینے کا الزام لگایا ساتھ ہی انتخابی عمل میں زبردست گڑبڑی کی بات بھی کہی۔ ساتھ ہی طلبا نے رکن پارلیمنٹ، ان کے بیٹے اور سیکورٹی گارڈ پر غیر مہذب سلوک کا الزام عائد کیا۔ حالانکہ رکن پارلیمنٹ نے ان الزامات کو پوری طرح سے مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور ٹھہرایا ہے۔

بہرحال، پولس فورس کے آنے کے بعد ہی معاملہ پُرسکون ہوا اور ارون ساگر  کو اسٹیڈیم سے باہر نکالا گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس اسپورٹس ایونٹ میں شامل ہونے کے لیے ارون کمار ساگر جیسے ہی اسٹیڈیم پہنچے، ان کے خلاف نعرے لگنے شروع ہو گئے اور ان کے استقبال کے لیے لگائے گئے بینر و پوسٹر پھاڑ دیے گئے۔ انہیں یرغمال بنا کر کچھ دیر کے لیے احاطے میں بند کر دیا گیا اور اسٹیڈیم کے پھاٹکوں میں تالا بھی لگا دیا گیا تھا۔