نئی دہلی: ’’اکادمی برائے فروغِ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے جرنل ’تدریس نامہ‘ کے نویں شمارے کا اجرا کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ اس شمارے کے مضامین کو پڑھ کر اردو اساتذہ کو بہترین رہنمائی ملے گی۔ میں اس رسالے کی اشاعت پر اکادمی کے تمام ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ پدم شری پروفیسر نجمہ اختر نے اردو جرنل ’تدریس نامہ‘ کے اجرا کے موقع پر کیا۔

یہ جلسہ  جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یاسر عرفات ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اکادمی کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے شیخ الجامعہ کو گلدستہ پیش کر استقبال کیا اور اکادمی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اکادمی کے بنیادی مقاصد میں اردو میڈیم اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو قوت بخشنا، تدریسی مواد فراہم کرنا، نصابی اور حوالہ جاتی کتابوں کو تیار کرنا ہے۔ ’تدریس نامہ‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ اکادمی اپنے بنیادی مقاصد پر پوری طرح کاربند ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو بہتر ڈھنگ سے انجام دے رہی ہے۔‘‘

’تدریس نامہ‘ کے نئے شمارے کی تحسین پروگرام میں موجود پروفیسر سارہ بیگم، پروفیسر محمد ابراہیم، پروفیسر وسیم احمد خان، پروفیسر عبدالحلیم، پروفیسر سیمی ملہوترہ، ڈاکٹر عبدالنصیب خان اور دیگر حاضرین نے بھی کی۔ اس جلسے کی نظامت اکادمی کے استاد اور معروف شاعر واحد نظیر نے اپنے مخصوص انداز میں کی۔ اخیر میں اکادمی کے ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔