ایک بار پھر دیوالی کے موقع پر ایودھیا کے تقریباً تین درجن گھاٹ جگمگاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس کے لیے خاص تیاری بھی کی جا رہی ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک بار پھر سب سے زیادہ دیا جلانے کا ریکارڈ توڑنے کی منصوبہ بندی ہو چکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دیوالی کے تہوار پر اس بار سریو ندی کے کنارے 16 لاکھ دیا جلا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔

دیوالی کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے نوڈل افسر اجئے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ’دیپوتسو‘ کے پیش نظر مجموعی طور پر 16 لاکھ دیے جلائے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے ’’ابھی تک ہم نے تقریباً 4 لاکھ دیوں کا انتظام کر لیا ہے۔ دیا جلانے کے لیے 18 ہزار والنٹیرس کا انتظام کیا گیا ہے جن میں سے 2000 اساتذہ ہیں۔ یہ والنٹیرس خصوصی تیاریوں میں مصروف ہیں۔‘‘ اجئے پرتاپ سنگھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بار ایودھیا کے 38 گھاٹوں پر دیپوتسو ہوگا اور سبھی دیے ایودھیا کے کمہاروں سے ہی لیے جائیں گے۔ اس کے لیے بھی تیاریاں زوروں پر ہیں۔

غور طلب ہے کہ یوگی حکومت تشکیل پانے کے بعد پہلی بار 180000 دیے رام کی پوڑی میں ایک ساتھ جلائے گئے تھے۔ پھر 2018 میں 301152، 2019 میں 550000، 2020 میں 584000 اور 2021 میں 750000 دیے جلائے گئے تھے۔ گزشتہ سال دیپوتسو کے لیے 11000 والنٹیرس نے کام کیا تھا، لیکن اس بار ہدف بڑا ہے اس لیے 18000 والنٹیرس کا انتظام کیا گیا ہے۔