ویب سیریز ’آریا‘ کا دوسرا سیزن بھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دھوم مچا رہا ہے۔ 10 برسوں بعد اس ویب سیریز کے ذریعہ اداکاری میں واپسی کرنے والی سشمتا سین کی پرفارمنس کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ لیکن حال ہی میں ’آریا‘ سے متعلق ایک دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ اس سیریز کے لیے سشمتا پہلی پسند نہیں تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو بہترین اداکاراؤں کے انکار کے بعد یہ آفر ان کی جھولی میں آ کر گرا۔

ایک میڈیا ہاؤس سے گفتگو کرتے ہوئے ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ رام مادھوانی نے ’آریا‘ سب سے پہلے کاجول کو آفر کی تھی جبکہ اجئے دیوگن اسے پروڈیوس کرنے والے تھے۔ بعد میں دونوں نے کسی وجہ سے اس پر کام کرنے سے منع کر دیا۔ کاجول کے انکار کے بعد مادھوانی نے آریہ سرین کے کردار کے لیے روینا ٹنڈن کو موقع دینے کا فیصلہ کیا۔ کسی وجہ سے روینا ٹنڈن کے ساتھ بھی بات نہیں بن پائی۔ آخر میں سشمتا سین اس فلم کا حصہ بن گئیں اور آریا سرین کے کردار کو بلندی تک لے گئیں۔

’آریا‘ کی بات کریں تو شروع میں اس کی اسکرپٹ ایک فیچر فلم کی طرح تیار کی گئی تھی لیکن بعد میں اسے ویب سیریز بنا دیا گیا۔ سشمتا سین نے ’آریا‘ کے ذریعہ ڈیجیٹل ڈیبیو کرتے ہوئے اپنے پرفارمنس سے سبھی کا دل جیت لیا۔ انہیں اس کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر او ٹی ٹی ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔