افغانستان پر طالبان کے قابض ہونے کے بعد حکومت ہند نے کئی بار اپنی فکر اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کے روز مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے آسٹریلیائی ہم منصب پیٹر ڈٹن سے بات چیت کے دوران بھی طالبان کے تعلق سے اپنی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ طالبان کا عروج ہندوستان کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر ممالک کے لیے بھی سنگین حفاظتی مسائل پیدا کرنے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان دہشت گردوں کا ٹھکانہ ہے جنھیں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے مزید تعاون حاصل ہو سکتا ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ نے پیٹر ڈٹن کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ افغانستان کی زمین کا استعمال کسی دیگر ملک کو دھمکانے یا حملہ کرنے کے لیے نہیں کیا جانا چاہیے، اور بین الاقوامی طبقہ کو افغانستان پر یو این سیکورٹی کونسل کے قرارداد 2593 پر عمل آوری یقینی کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سنیچر کے روز ہندوستان اور آسٹریلیا کے مرکزی وزیر خارجہ اور مرکزی وزیر دفاع کے درمیان ’ٹو پلس ٹو‘ میٹنگ ہونے والی ہے، اور اس سے ایک دن قبل راج ناتھ سنگھ اور پیٹر ڈٹن کے درمیان طالبان کے تعلق سے کئی باتوں پر تبادلۂ خیال ہوا۔ راج ناتھ سنگھ نے طالبان حکومت میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی اور خواتین و بچوں کے ساتھ ہو رہے سلوک پر تشویش ظاہر کیا۔