دوشنبہ، تاجکستان: ’’ہندی ایک بڑی مقبول زبان ہے اور اس کے بولنے والوں کا دائرہ کافی وسیع ہے۔‘‘ یہ بیان ایک پروقار تقریب میں ہندوستان کے سفیر ویراج سنگھ نے دیا جو کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ دراصل عالمی یوم ہندی ہر سال 10 جنوری کو منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے کی ایک تقریب کا انعقاد ’انڈیا اسٹڈی سینٹر‘، تاجک نیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوشنبہ (تاجکستان) واقع ہندوستانی سفارتخانہ کے اشتراک سے کیا گیا۔
تقریب کی صدارت تاجک نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر خوش وقت زادہ قابل جان نے کی۔ یونیورسٹی میں ایشیا اور یوروپی زبانوں کی فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شودیوف رستم نے تعارفی اور استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر خوش وقت زادہ قابل جان نے کہا کہ ہندی زبان پوری دنیا میں بولی، لکھی اور سمجھی جاتی ہے۔ یہ زبان انگریزی، اسپینی اور چینی زبانوں کے مقابل کھڑی نظر آتی ہے۔
پدم شری پروفیسر رجبوف حبیب اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہندی شعر و ادب کا ذخیرہ بہت قیمتی ہے۔‘‘ علاوہ ازیں تاجک نیشنل یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے ہندی کی ایک شاندار اور روشن روایت سے متعلق اپنا اظہار خیال پیش کیا۔ اس موقع پر تاجک نیشنل یونیورسٹی میں ہِندی اور اردو کے طلباء نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کر کے ہندی سے اپنے والہانہ لگاؤ کا اظہار کیا۔ صدر شعبہ ہندی-اردو قربانوف حیدر نے شرکا کا اظہار تشکر پیش کیا۔ شرکاء میں دینیش بھاردواج، جوئی دیوگاوکر، زرینہ، یاروہ صباحت اور جورہ قولوہ استدبی جیسی شخصیات موجود تھیں۔