اکیڈمی آف موشن پکچرس آرٹس اینڈ سائنسز (آسکر) نے اس سال کے آسکر ایوارڈس کے لیے 276 فلموں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ یہ گزشتہ سال کی 366 فلموں پر مبنی فہرست کے مقابلے بہت کم ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہندوستانی فلمیں بھی اس لسٹ میں شامل ہیں۔ شارٹ لسٹ کی گئی فلموں میں 2 ہندوستانی فلمیں شامل کی گئی ہیں۔ اس بار جنوبی ہند کی فلموں نے بازی ماری ہے۔ ڈاکومینٹری کیٹگری لسٹ میں موہن لال کی ’مرکّر‘ اور سوریا کی ’جئے بھیم‘ کو جگہ ملی ہے۔
’مرکّر‘ کی بات کریں تو یہ ایک ایکشن-ایڈونچر فلم ہے جو ملیالم زبان میں بنی ہے۔ اس کی کہانی بحریہ چیف محمد علی عرف مرکّر کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم میں مرکّر کا کردار ملیالم فلموں کے سپراسٹار موہن لال نے بخوبی ادا کیا ہے۔ دوسری طرف ’جئے بھیم‘ قبائلیوں کے حق کی کہانی بیان کرتی ہے۔ یہ فلم ایک حقیقی واقعہ سے متاثر ہے۔ ’جئے بھیم‘ میں سوریا بالکل الگ انداز میں نظر آئے ہیں۔ انہوں نے اپنی اداکاری سے فلم میں جان ڈال دی ہے۔ دونوں ہی فلمیں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 94ویں آسکر ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ سبھی فلموں کے لئے ووٹنگ 27 جنوری سے شروع ہوگی۔ اس کے بعد سبھی زمروں میں آخری نامزدگی کا اعلان 8 فروری کو ہوگا۔ اس بار بھی آسکر لاس اینجلس میں ڈالبی تھیٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ 94ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد 27 مارچ کو ہوگا۔