کیرالہ میں موسلادھار بارش اور تودہ گرنے کے واقعات میں کئی لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں۔ اب تک تقریباً تین درجن افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ اس درمیان ملبہ میں دبی ماں-بیٹے کی ایک ایسی لاش برآمد ہوئی ہے جسے دیکھ کر راحت و بچاؤ رسانی کارکنان کی آنکھیں بھی فرط جذبات سے نم ہو گئیں۔ ماں اور بیٹے دونوں ایک دوسرے کے گلے لگے ہوئے تھے، یعنی ایک دوسرے کا ساتھ آخر دم تک نہیں چھوٹا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کیرالہ کے اڈوکی ضلع میں ایک گاؤں ہے کوکیئر۔ یہاں جب امدادی کارروائیاں شروع ہوئیں تو ماں-بیٹے کی لازوال محبت کا منظر دیکھنے کو ملا۔ ماں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا نام فوزیہ ہے اور عمر 28 سال ہے۔ بیٹے کا نام امین بتایا جا رہا ہے جس کی عمر تقریباً 10 سال ہوگی۔ دونوں ایک دوسرے سے لپٹے مردہ حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ وہیں قریب میں ایک چھوٹے بچے کی لاش جھولے میں برآمد ہوئی۔

امدادی کارکنوں نے ماں-بیٹے کی لاش اس طرح ملنے پر انتہائی غم کا اظہار کیا۔ ایک کارکن نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی انہیں نہایت ہی دردناک مناظر دیکھنے کو ملے تھے۔ کیچڑ کے ڈھیر سے تین معصوم بچوں کی لاشیں نکالے جانے کا انھوں نے تذکرہ کیا۔ یہ تینوں بچے ایک دوسرے کے گلے میں ہاتھ ڈالے ہوئے تھے۔ ان بچوں کی شناخت 7 سالہ آمنہ، 8 سالہ افسان اور 4 سالہ اہیان کے طور پر ہوئی تھی۔